اسپتال کے باہر پاپارازی سے جھڑپ، سلمان خان کا سخت ردعمل سوشل میڈیا پر زیرِ بحث

اسپتال کے باہر پاپارازی سے جھڑپ، سلمان خان کا سخت ردعمل سوشل میڈیا پر زیرِ بحث

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان  20 مئی کو ممبئی کے ایک اسپتال کے باہر فوٹوگرافرز کے ہجوم اور شور شرابے پر برہم ہو گئے، جس کے بعد ان کا ردعمل سوشل میڈیا پر بھی موضوعِ بحث بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق سلمان خان ممبئی کے علاقے ماہم میں واقع ہندو جا اسپتال سے باہر نکل رہے تھے کہ اسی دوران پاپارازی کی بڑی تعداد وہاں پہنچ گئی اور انہیں گھیر کر تصاویر اور ویڈیوز بنانے لگی۔ اس صورتحال میں اداکار کو کچھ دیر کے لیے رکنا پڑا۔ہجوم اور شور بڑھنے پر سلمان خان نے فوٹوگرافرز کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ اپنے رویے میں بہتری لائیں، جس پر پاپارازی نے معذرت کرتے ہوئے کیمرے نیچے کر لیے۔ بعد ازاں اداکار اپنی گاڑی میں روانہ ہو گئے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ اسپتال کس مقصد کے لیے آئے تھے۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔ بڑی تعداد نے سلمان خان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال جیسے حساس مقام پر شور شرابہ مریضوں اور اہلخانہ کے لیے تکلیف کا باعث بنتا ہے۔یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب کچھ روز قبل سلمان خان نے اپنی تنہائی سے متعلق بیان کی وضاحت بھی دی تھی اور کہا تھا کہ ان کے الفاظ کو غلط انداز میں پیش کیا گیا تھا۔