چیچہ وطنی(خصوصی رپورٹ)خاتون کے گھر پولیس کا چھاپہ، بیٹے کو حبس بے جا میں رکھنے اور لوٹ مار پر عدالت کے حکم پر پولیس انسپکٹر، 6 کانسٹیبلز سمیت 10 ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔نواحی گائوں 109 بارہ ایل کے رہائشی محمد شریف کے گھر 13 جون کی رات 8 بجے تھانہ صدر چیچہ وطنی کے پولیس انسپکٹر فیصل حسین نے شہزاد احمد، ساجد حنیف، علی قصائی اور6 پولیس کانسٹیبلوں کے ہمراہ چھاپہ مارا اور گھر کا دروازہ کھلوا کر پولیس زبردستی گھر میں گھس گئی، خواتین اور کمسن بچیوں کو تھپڑ مارے، تشدد کا نشانہ بنایا اور خاتون سے حنیف نامی کسی ملزم کے بارے میں پوچھا تو خاتون اور اہل محلہ نے اظہار لاعلمی کیا۔ تاہم پولیس جاتے ہوئے خاتون کے بیٹے عمیر علی رضا کو گرفتار کرکے اور سوا 2 لاکھ روپے کیطلائی زیورات اور نقدی بھی لے گئی جبکہ عمیر کو تھانہ کی حوالات میں بند کردیا جس کے بعد عدالت میں خاتون زینب نے رٹ پٹیشن دائر کی۔ عدالت کے حکم پر پولیس تھانہ صدر چیچہ وطنی نے زینب بی بی کی مدعیت میں پولیس انسپکٹر فیصل حسین اور6 پولیس کانسٹیبلز سمیت 10 ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ خاتون کے بیٹے کو رہا کردیا گیا۔