کھلی کچہری میں مسائل سنے، فراڈ سے بچاؤ بارے احتیاط کی ہدایات
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ کسی بھی مالی لین دین سے قبل متعلقہ فرد، ادارے اور دستاویزات کی مکمل تصدیق ضرور کریں اور جائیداد، گاڑی، آن لائن خریداری یا سرمایہ کاری میں جلد بازی یا غیر مصدقہ وعدوں پر ہرگز اعتماد نہ کریں۔ اپنے دفتر میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آن لائن فراڈ، جعلی کالز اور سوشل میڈیا کے ذریعے دھوکہ دہی کے بڑھتے رجحان کے پیش نظر خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر مختلف اضلاع سے آئے سائلین کے مسائل سنے گئے اور ان کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے گئے۔ ایک بزرگ خاتون کے مقدمہ میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے آر پی او رحیم یار خان سے جبکہ شیخوپورہ کے ایک شہری کی شکایت پر متعلقہ ڈی پی او سے فوری رابطہ کیا گیا۔ فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کی رہنمائی اور فوری انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا کسی بھی مشتبہ کال، مالی فراڈ یا دھوکہ دہی کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 یا قریبی تھانے سے رابطہ کیا جائے۔