زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں وقت پر نماز ادا کریں یہ نماز قبر میں کام آئے گی،رائیونڈاجتماع سے خطاب،پہلے مرحلے کی اختتامی دعا آج صبح8بجے ہو گی
رائیو نڈ( آن لائن ) سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع2024 کے پہلے مرحلہ کے اختتام پر آج اتوار کی صبح8بجے اختتامی دعا ہو گی،تبلیغی اجتماع کے پنڈال میں لاکھوں اہل اسلام سے مولانا فاروق بنگلوری نے خطاب میں کہا کہ پہلے خود دین کو سمجھو اور بعد میں اپنے گھر والوں کو دین کا پابند بناؤ، نماز میں سستی نہ کریں زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں وقت پر نماز ادا کریں یہ نماز قبر میں کام آئے گی، اللہ تعالی کی داحدا نیت کی یہاں ایک مثال ہے دنیا میں7ارب انسانوں کے14ارب انگوٹھے ہیں جن کا ڈیزائن آپس میں نہیں ملتا، تم اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے، آؤ اس جماعت کا حصہ بن کر نبیوں کے کام پر لگ جاؤ تاکہ تم سچے اور پکے مسلمان بن سکو، تبلیغی جماعت دین سکھانے کی ایک درس گا ہ ہے، رشدو ہدایت کے لیے اس خیمہ بستی میں جمع ہونے والومیرے بھائیوکبھی امر باالمعروف اور نہی عن المنکر کو نا چھوڑنا اگر چھوڑ دیاتو قیامت کے دن کوئی پرسان حال نہیں ہوگا۔ مولانا حضرت ابراہیم دیولہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تبلیغی جماعت خالص اللہ اور اس کے رسول کے احکامات سے روشناس کرانا اور تبلیغی اجتماع کا بنیادی مقصد امت کی فکر کا جائزہ لینا ہے، انسان ماں کے پیٹ سے آیا اور قبرکے پیٹ کی طرف دوڑ رہا ہے، قبر ایک بہت سخت امتحان گا ہ ہے ، سرخرو ہونے کے لیے دعوت تبلیغ دین سے جوڑنے مخلوق سے خالق کی طرف مال سے اعمال کی طرف اور دنیا سے آخرت کی طرف بلایا جا رہا ہے۔ قبر کو روشن کرنے والی واحد نماز ہے اس کو پابندی سے تھام لو انشااللہ خیر ہوگی، خود اور اپنے اہل خانہ کو دین کا پابند بناؤ اور پردے کا اہتمام ہر امتی پر فرض ہے۔ مولانا حضرت احمد لاٹ نے کہا کہ دعوت تبلیغ ایک عظیم مشن اور یہ مشن نبیوں اور پیغمبروں کا ہے، ہمارے نبی کی بہتر ین امت ہونے کی قرآن پاک گواہی دیتا ہے، اگر دنیا میں نیک اعمال نہ کیے تو خالی ہاتھ قبر میں جانے پر کیڑوں مکوڑوں کی خوراک بننا ہوگا اگر اللہ تعالی کے دین کی محنت کی ہو گی اور نیک ا عمال ہونگے تو وہ آپ کے جسم کو چھو بھی نہیں سکیں گے، پاکستانی دوسرے ملکوں میں مال کمانے جاتے ہیں لیکن دوسرے ملکوں سے دین سیکھنے کیلئے یہاں را ئیونڈ لوگ آتے ہیں، ہم اس نعمت سے محروم کیوں ہیں اس پر غور کریں،اللہ کا پیغام نہ پھیلایا توقیامت کے دن ہمارے پاس کوئی حجت نہ ہوگی۔حضرت مولانا زبیرالحسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ دعا بندے اوراللہ کے درمیان تعلق کی وضاحت کرتی ہے، بہت سے لوگ اس شک کے ساتھ زندگی کذار رہے ہیں کہ ان کی دعائیں خدا کی طرف سے قبول کی جارہی ہیں یا نہیں، اللہ تعالی ہم سب کی دعائیں قبول کرتا ہے لیکن اللہ تعالی بہتر جانتا ہے کہ اس کے لیے کیا بہتر ہے ، مناسب وقت میں ہمیں نوازا جاتا ہے، اللہ کی عبادت کرو اور نماز کی پابندی کرو اور اپنے گناہوں کی معافی مانگتے رہو ،اللہ بخشنے والا مہربان ہے، حلال رزق کی تلاش کرو اور حرام سے گریز کرو، اللہ سب جانتا اور دیکھتا ہے ،حقوق العباد کا خیال رکھو ،اپنے والدین کی خدمت کو یقینی بناؤ ،اپنا وقت موبائل پر صرف کرنے کے بجائے اپنے رب کا قرب حاصل کر نے پر صرف کرو، اللہ تعالیٰ کا دین پھلانے والا ہی خدا کا قرب حاصل کرتا ہے، آپ بھی اس نیک مشن میں شامل ہو جائیں۔