پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا بھی امکان
گلگت:گلیشئرز کے پگھلائو سے نالے میں طغیانی، درجنوں افراد پھنس گئے
لاہور،اسلام آباد،گلگت (خصوصی رپورٹ)لاہور سمیت پنجاب کے متعدد علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم و خشک رہے گا۔ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، پاکپتن، وہاڑی، بہاولپور، بہاولنگر اور گردونواح میں بھی آج شام اور رات کے اوقات میں آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے ،تا ہم صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔علاوہ ازیں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بنیادی طور پر گرم اور خشک موسم رہا، تا ہم بعض علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوئی۔گزشتہ روز لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 31 اور زیادہ سے زیادہ40 سینٹی گریڈ رہا جبکہ آلودگی کی مجموعی شرح 173فیصد رہی۔ادھر گلگت بلتستان میں شدید گرمی اور گلیشئرز کے تیز پگھلائوکے باعث چھموگڑھ نالے میں طغیانی آ گئی جس سے پانی کے بہائو میں غیر معمولی اضافہ ہونے سے درجنوں افراد راستے میں پھنس گئے۔ مقامی افراد نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کیا اور بروقت امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ادارے اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ حکام نے بھی موقع پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کر دیں۔