سان فرانسسکو: فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں امریکہ نے بوسنیا و ہرزیگووینا کو 2-0 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل (آخری 16) کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
سانتا کلارا میں کھیلے گئے میچ میں امریکی ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور بوسنیا و ہرزیگووینا کو دفاعی حکمت عملی اپنانے پر مجبور کر دیا۔ کوچ موریسیو پوچیٹینو کی ٹیم نے پورے میچ کے دوران کھیل پر اپنی گرفت برقرار رکھتے ہوئے متعدد مواقع بھی پیدا کیے۔امریکہ کو پہلی کامیابی 24 سالہ اسٹرائیکر فولارین بالوگن نے دلائی، جنہوں نے مالک ٹل مین کے ڈیفلیکٹ ہونے والے پاس کو گول میں تبدیل کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔
تاہم دوسرے ہاف میں طارق محمدیرووچ کے ساتھ ٹکراؤ کے دوران خطرناک فاؤل پر وی اے آر جائزے کے بعد ریفری نے فولارین بالوگن کو ریڈ کارڈ دکھا دیا، جس کے باعث امریکی ٹیم نے بقیہ میچ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا۔ایک کھلاڑی کم ہونے کے باوجود امریکہ نے دباؤ برقرار رکھا اور میچ کے آخری لمحات میں مالک ٹل مین نے شاندار فری کک پر گول کرکے برتری 2-0 کر دی، جس کے بعد بوسنیا و ہرزیگووینا کی واپسی کی تمام امیدیں ختم ہو گئیں۔
اس کامیابی کے ساتھ امریکہ نے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں 6 جولائی کو سیئٹل میں اس کا مقابلہ بیلجیم سے ہوگا۔ فاتح ٹیم کوارٹر فائنل میں جگہ بنائے گی۔