ہالینڈ کے فیصلہ کن گول سے ناروے پری کوارٹر فائنل میں، آئیوری کوسٹ 2-1 سے شکست کھا گیا

ہالینڈ کے فیصلہ کن گول سے ناروے پری کوارٹر فائنل میں، آئیوری کوسٹ 2-1 سے شکست کھا گیا

ڈیلاس: ارلنگ ہالینڈ کے آخری لمحات میں کیے گئے فیصلہ کن گول کی بدولت ناروے نے آئیوری کوسٹ کو 2-1 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

میچ کے آغاز سے ہی آئیوری کوسٹ نے جارحانہ انداز اپنایا اور متعدد خطرناک حملے کیے، تاہم ناروے کے دفاع نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر کوشش ناکام بنا دی۔پہلے ہاف کے 39ویں منٹ میں مارٹن اوڈیگارڈ کے شاندار پاس پر انتونیو نوسا نے خوبصورت گول کرکے ناروے کو 0-1 کی برتری دلائی۔دوسرے ہاف میں آئیوری کوسٹ نے زبردست واپسی کی۔ متبادل کھلاڑی اماد دیالو نے 60ویں منٹ کے بعد میدان میں آتے ہی کھیل کا نقشہ بدل دیا اور نیکولس پیپے کے ساتھ عمدہ ون ٹو کھیلنے کے بعد گیند جال میں پہنچا کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔جب میچ اضافی وقت کی جانب بڑھتا دکھائی دے رہا تھا تو 86ویں منٹ میں آسکر باب کے پاس پر پیٹرک برگ نے گیند ارلنگ ہالینڈ کے لیے سیٹ کی، جسے مانچسٹر سٹی کے اسٹار اسٹرائیکر نے خالی جال میں پہنچا کر ناروے کو فیصلہ کن برتری دلا دی۔

اختتامی لمحات میں آئیوری کوسٹ کو فری کک پر برابر کرنے کا بہترین موقع ملا، لیکن ناروے کے گول کیپر اوریان نیلینڈ نے شاندار سیو کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔اس کامیابی کے ساتھ ناروے نے ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی، جبکہ ارلنگ ہالینڈ نے رواں ورلڈ کپ میں اپنا پانچواں گول اسکور کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔اب پری کوارٹر فائنل میں ناروے کا مقابلہ برازیل سے ہوگا، جس کا شائقین بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔