اوسلو: یوئیفا نیشنز لیگ کے سنسنی خیز مقابلے میں ناروے نے دو گول کے خسارے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے ڈنمارک کو 2-3 سے شکست دے دی۔
اسٹار فٹبالر ایرلنگ ہالینڈ نے انجری ٹائم کے چھٹے منٹ میں پنالٹی پر فیصلہ کن گول کرکے اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔منگل کو کھیلے گئے میچ میں ڈنمارک نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور راسموس ہوئلنڈ نے 11ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ صرف تین منٹ بعد پیئر ایمائل ہوئبرگ نے 14ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے ڈنمارک کی برتری 0-2 کردی۔دو گول کے خسارے کے باوجود ناروے نے ہمت نہ ہاری اور کھیل میں واپسی کی کوششیں جاری رکھیں۔ ایرلنگ ہالینڈ نے 37ویں منٹ میں گول کرکے ڈنمارک کی برتری کم کردی اور اپنی ٹیم کے لیے مقابلے میں واپسی کی راہ ہموار کی۔میچ کے آخری لمحات میں ناروے نے دباؤ بڑھایا اور کپتان مارٹن اوڈیگارڈ نے 83ویں منٹ میں شاندار گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا، جس کے بعد میچ مزید دلچسپ ہوگیا۔
انجری ٹائم کے چھٹے منٹ، یعنی 96ویں منٹ میں ڈنمارک کے کھلاڑی یوآخیم اینڈرسن کے ہینڈ بال پر ناروے کو پنالٹی مل گئی۔ ایرلنگ ہالینڈ نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچایا اور ناروے کو 2-3 کی یادگار کامیابی دلادی۔دوسری جانب پرتگال نے کرسٹیانو رونالڈو کی عدم موجودگی میں اپنے دوسرے میچ کے دوران ویلز کو 2-3 سے شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔