کویت سٹی: کویت نیشنل پٹرولیم کمپنی (KNPC) نے یکم جولائی سے 30 ستمبر تک کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا، جس کے تحت بیشتر ایندھن کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں، تاہم الٹرا 98 گیسولین کی قیمت میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ نئی قیمتیں حکومتی پالیسی کے تحت نافذ کی گئی ہیں، جس کے مطابق ایندھن کی قیمتوں کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ انہیں عالمی منڈی کے رجحانات اور ریاستی سبسڈی سے متعلق پالیسی کے مطابق برقرار رکھا جا سکے۔اعلان کے مطابق پریمیئم 91 گیسولین (پٹرول) کی قیمت 85 فلز فی لیٹر جبکہ سپر 95 گیسولین کی قیمت 105 فلز فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔اسی طرح ڈیزل اور مٹی کے تیل (کیروسین) کی قیمتوں میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور دونوں ایندھن 115 فلز فی لیٹر کے حساب سے دستیاب رہیں گے۔
البتہ الٹرا 98 گیسولین کی قیمت میں 50 فلز فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 275 فلز فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل یکم اپریل سے 30 جون تک اس کی قیمت 225 فلز فی لیٹر تھی۔کویت نیشنل پٹرولیم کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں کی منظوری ریاستی سبسڈی کا جائزہ لینے والی کمیٹی نے دی ہے، جبکہ ان کا تعین حکومت کے ایندھن کی قیمتوں کے مقررہ دورانیہ وار جائزہ لینے کے نظام (Periodic Pricing Mechanism) کے تحت کیا گیا ہے۔