جوہر ٹاون،شاہدرہ سے بارشی پانی کی نکاسی نہ ہو سکی

لاہور (کرائم رپورٹر) جوہر ٹاون کے ڈی ٹو بلاک میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد بھی پانی کی نکاسی نہ ہو سکی۔واسا حکام کی مبینہ غفلت  کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔صورتحال اس وقت مزید متنازعہ ہو گئی جب واسا جوبلی ٹاو?ن او اینڈ ایم ڈائریکٹوریٹ نے فیلڈ رپورٹ میں مکمل نکاسی ظاہر کر دی،جبکہ زمینی حقیقت اس کے بالکل برعکس نکلی۔ گلیوں میں پانی جمع، سڑکوں پر کیچڑ ، اور بدبو کا راج رہا۔ شہری گھروں تک محصور ہو کر رہ گئے۔ دوسری جانب شاہدرہ ٹاو?ن کی صورت حال بھی کچھ مختلف نہیں،سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔راجپوت پارک، حق باہو روڈ، مسلم پارک، رحیم بخش روڈ اور پراچہ کالونی میں پانی ہے جبکہ چاند خان شہید چوک، سراج پارک اور جھلاراں چوک جیسے علاقوں میں پانی کئی کئی فٹ تک جمع ہو چکا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ واسا کا عملہ مکمل طور پر غائب ہے،راستے ناقابلِ عبور بن چکے ہیں اور نقل و حرکت شدید متاثر ہوئی ہے۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔