میو ہسپتال ، اے سی بھی ’’بیمار‘‘، مریضوں کی حالت بگڑنے لگی

پیڈل سٹل فین استعمال کئے جا رہے، ڈاکٹرز، نرسز بھی گرمی میں اذیت کا شکار 
 لاہور(کرائم رپورٹر ) میو ہسپتال میں اے سی خراب ہونے سے آئی سی یو کے مریضوں کی حالت بھی بگڑنے لگی۔ ہسپتال کے بیشتر وارڈز کے اندر اے سی خراب ہونے کے باعث مریضوں کو شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔لواحقین کا کہنا ہے کہ اے سی نہ ہونے کے باعث ہمارے مریضوں کے مرض میں اصافہ ہورہا ہے۔ وزیر اعلیٰ سے اپیل ہے کہ وہ اس پر ایکشن لیں۔ آئی این پی کے مطابق میو ہسپتا ل میں ایئر کنڈیشننگ سسٹم مکمل طور پر خراب ہو چکا ہے، جس کے باعث نہ صرف مریض بلکہ ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملہ بھی شدید گرمی میں اذیت کا شکار ہے۔ذرائع کے مطابق ہسپتا ل کے مختلف وارڈز، خاص طور پر ایمرجنسی، جنرل وارڈز اور انتہائی نگہداشت یونٹ میں درجہ حرارت ناقابلِ برداشت حد تک پہنچ چکا ہے اور وہاں ائیرکنڈیشنرز کی بجائے پیڈل سٹل فین استعمال کئے جا رہے ہیں۔ میو ہسپتا ل کی انتظامیہ نے ابھی تک ائرکنڈیشننگ سسٹم کی مرمت یا بحالی کا کوئی ٹینڈر ہی جاری نہیں کیا نہ ہی کسی کمپنی سے معاہدہ کیا گیا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہونے کا کوئی امکان نہیں۔