بہاولنگر کے علاقے منڈی صادق گنج میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بیوی کو خودکشی سے بچانے کی کوشش میں نوجوان شوہر نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق 22 سالہ شاہد میواتی، جو ضلع قصور کے علاقے کنگن پور کا رہائشی تھا، اپنی ناراض بیوی سلمیٰ کو منانے کے لیے ہفتے کے روز بہاولنگر کے علاقے منڈی صادق گنج گیا۔ دونوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد 19 سالہ سلمیٰ نے قریبی صادقیہ نہر میں چھلانگ لگا دی۔شاہد، جو تیرنا نہیں جانتا تھا، بیوی کو بچانے کے لیے فوراً پانی میں کود گیا، لیکن تیز بہاؤ کے باعث وہ نہر میں ڈوب گیا۔
مقامی لوگوں نے شور سن کر موقع پر پہنچ کر سلمیٰ کو بچا لیا، تاہم شاہد پانی میں بہہ گیا۔ریسکیو 1122 کے ترجمان عتیق الرحمان کے مطابق 12 غوطہ خوروں پر مشتمل ٹیم نے کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد شاہد کی لاش نکال لی۔واقعے پر علاقے میں غم کی فضا چھا گئی، جبکہ متوفی کے لواحقین نے بتایا کہ شاہد کی سلمیٰ سے چھ ماہ قبل شادی ہوئی تھی، مگر کچھ دنوں سے سلمیٰ ناراض ہوکر اپنے والدین کے گھر رہ رہی تھی۔