پاکستان کو اہم سیاحتی مرکز بنائیں گے شہبازشریف
پاکستان کے سیاحتی شعبے میں زرمبادلہ کمانے کی لا محدود استعداد موجود ہے، اللہ تعالی نے پاکستان کو ایسی لازوال قدرتی خوبصورتی اور وسائل سے نوازا ہے جو دنیا کے کسی بھی سیاحتی ملک سے کم نہیں
ٹورازم سیکٹر میں پائیدار اور مستقل سرمایہ کاری کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے تاکہ معیشت کو مستحکم کیا جا سکے اور روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں:وزیراعظم کی سیاحت سے متعلق اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے پاکستان کو عالمی ٹورازم برانڈ بنانے کی ہدایات جاری کردیں اور کہا ہے کہ ہمارا ملک دنیا میں کسی بھی ملک سے سیاحت کے ضمن میں کم نہیں، پاکستان کو دنیا کے اولین سیاحتی مراکز کی فہرست میں شامل کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سیاحت کے فروغ سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان میں موجود سیاحتی امکانات کو بروئے کار لانے اور شعبہ ٹورازم کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیاحتی شعبے میں زرمبادلہ کمانے کی لا محدود استعداد موجود ہے، اللہ تعالی نے پاکستان کو ایسی لازوال قدرتی خوبصورتی اور وسائل سے نوازا ہے جو دنیا کے کسی بھی سیاحتی ملک سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ شمالی علاقوں میں برف پوش پہاڑ، سرسبز جنگلات، نیلگوں دریا، میدان اور ریگستانی علاقے پاکستان کی وہ خوبصورتی ہیں جنہیں عالمی سطح پر ایک برانڈ کے طور پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ٹی ڈی سی)کو فوری طور پر عملی اقدامات کی ہدایت کی تاکہ ملک کو دنیا کے اولین سیاحتی مراکز کی فہرست میں شامل کیا جا سکے، سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی ٹورازم زونز قائم کئے جائیں اور صوبوں کے تعاون سے ملک بھر میں سیاحتی سرگرمیوں کو منظم اور فعال بنایا جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بین الاقوامی سیاحوں کیلئے پاکستان کے سیاحتی مقامات تک رسائی کو سہل بنانے کیلئے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا، جبکہ اندرونِ ملک سیاحت کو بڑھاوا دینے کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹورازم سیکٹر میں پائیدار اور مستقل سرمایہ کاری کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے تاکہ معیشت کو مستحکم کیا جا سکے اور روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں۔اجلاس میں وزیراعظم کو سیاحت کے فروغ کیلئے متعدد تجاویز پیش کی گئیں، جن میں شمالی علاقہ جات جیسے پرکشش مقامات کی بین الاقوامی سطح پر تشہیر، میڈیکل ٹورزم کو فروغ دینا اور جدید سہولیات کی فراہمی شامل تھیں۔وزیراعظم نے اجلاس کے اختتام پر تمام اداروں کو ہدایت کی کہ سیاحت کو قومی ترقی کا مرکزی ستون بنانے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے