پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی نااہلی کے لیے چیئرمین سینیٹ سے باضابطہ رجوع کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے رکن عون عباس بپی نے نااہلی کی درخواست چیئرمین سیکریٹریٹ میں جمع کروائی ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیف اللہ ابڑو نے 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے پارٹی پوزیشن کے خلاف ووٹ دیا، حالانکہ وہ پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا حصہ تھے۔ پی ٹی آئی نے استدلال کیا کہ ترمیم سے قبل ارکان کو تحریری طور پر ہدایت کی گئی تھی کہ وہ پارٹی لائن کے مطابق ووٹ دیں، لیکن سیف اللہ ابڑو نے اس کی خلاف ورزی کی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سینیٹر کی نااہلی کے لیے آئین کی شق 63 اے کے تحت معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے بھیجا جائے، تاکہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 27ویں آئینی ترمیم سے متعلق پارٹی لائن کے خلاف ووٹنگ کے معاملات قومی سیاست میں نمایاں رہے اور مختلف سیاسی مباحثے جاری ہیں۔