ڈاکٹر کی جانب سے کسی قسم کی حتمی میڈیکل رپورٹ جاری نہیں کی گئی:پولیس
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے واضح کیا ہے کہ تین روز قبل گرین ٹاؤن میں نوجوان کی گردن پتنگ کی ڈور سے زخمی ہونے کی اطلاعات حقائق کے منافی ہیں۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق جناح ہسپتال نے پتنگ ڈور کے حوالے سے کوئی میڈیکل رپورٹ جاری نہیں کی، جبکہ بعض میڈیا حلقوں میں ہسپتال داخلے کی ابتدائی سلپ کو غلط طور پر میڈیکل رپورٹ بنا کر پیش کیا جا رہا ہے زخمی نوجوان کو جناح ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم ڈاکٹر کی جانب سے کسی قسم کی حتمی میڈیکل رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔ ابتدائی علاج کی سلپ کو میڈیکل رپورٹ قرار دینا حقائق کے برعکس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ مریض سے دریافت کی گئی معلومات کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہے اور اس میں وہی درج ہوتا ہے جو مریض بیان کرتا ہیلاہور پولیس کے مطابق مضروب نوجوان نے بعد ازاں خود واقعے کی تفصیلات بیان کیں اور اعتراف کیا کہ اس نے گھریلو ناچاقی کے باعث کاغذ کٹر سے خود کو زخمی کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کی گردن اور بازوؤں پر پہلے سے بھی متعدد کٹ کے نشانات موجود تھے، جن کی تصاویر میڈیا کے ساتھ شیئر کی جا چکی ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ خود کو زخمی کرنے کے واقعے کو پتنگ بازی سے جوڑنا محض سنسنی پھیلانے کے مترادف ہے۔ لاہور پولیس نے اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی جاری کر دی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ حقائق کو ترتیب اور ذمہ داری کے ساتھ پیش کیا جائے اور غلط خبروں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے سے گریز کیا جائے۔