اتر پردیش کے ضلع بجنور کے علاقے نجیب آباد میں ایک نقاب پوش شخص نے کپڑوں کی دکان میں گھس کر ایک لڑکی کو یرغمال بنا لیا، جس سے دکان میں موجود لوگ گھبرا گئے۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم نے چہرے پر نقاب اوڑھا ہوا تھا اور اس کے ہاتھ میں تیز دھار چاقو تھا۔ دکان میں موجود لڑکی کو پکڑ کر دھمکیاں دی گئی، جس کے بعد پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سکیورٹی سخت کر دی۔ کچھ دیر تک کشیدگی برقرار رہنے کے بعد حکمت عملی اپناتے ہوئے لڑکی کو بحفاظت رہا کرا لیا گیا اور خوش قسمتی سے اسے کوئی شدید نقصان نہیں پہنچا۔
ملزم کو حراست میں لے لیا گیا اور تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ واقعے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔مقامی تاجروں اور شہریوں نے سکیورٹی انتظامات پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں اور دکانوں میں پولیس گشت مزید بڑھایا جائے تاکہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔