بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع کوشامبی میں پیر کی سہ پہر ایک پٹاخہ بنانے والی فیکٹری میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے ہیں۔
واقعہ ضلع کوشامبی کے گاؤں منوری میں تھانہ پیپری کی حدود میں واقع فیکٹری میں پیش آیا۔پولیس اور حکام کے مطابق، دھماکا انتہائی شدید نوعیت کا تھا، جس کے سبب فیکٹری میں موجود افراد میں سے 11 دم توڑ گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے پریاگ راج کے ایس آر این ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 5 زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفصیلات اور وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، اور مقامی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ یہ حادثہ قانون و انتظام کے سختی کے باوجود پٹاخہ بنانے والی فیکٹریوں میں حفاظتی انتظامات کی کمی کو ظاہر کرتا ہے، جو مقامی اور قومی سطح پر تشویش کا باعث ہے۔