سال 2024ء کو انتخابات کا سال کہنا بے جا نہیں ہوگا کیونکہ اس سال دنیا بھر میں 70 سے زائد ممالک میں انتخابات ہوئے اور ایک ارب 70 کروڑ سے زیادہ افراد نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ یہ ایک اہم عالمی انتخابی سال رہا جس میں دنیا کی تقریباً نصف آبادی والے ممالک میں انتخابات ہوئے۔
مجموعی طور پر 2024ء میں ووٹر ٹرن آؤٹ 61 فیصد رہا، جس میں سب سے زیادہ ووٹر ٹرن آؤٹ روانڈا میں 98.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جب کہ سب سے کم ووٹر ٹرن آؤٹ تیونس میں 28.8 فیصد رہا۔بھارت میں سب سے زیادہ 63 کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد نے ووٹ ڈالے، جہاں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے تیسری بار کامیابی حاصل کی۔نومبر 2024ء میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں ری پبلیکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری بار امریکہ کے صدر منتخب ہونے میں کامیابی حاصل کی۔برطانیہ کے عام انتخابات کے نتیجے میں کنزرویٹو پارٹی کا 14 سالہ دور اقتدار ختم ہوا اور لیبر پارٹی کی کامیابی کے بعد سر اسٹارمر وزیراعظم بنے۔روس کے صدارتی انتخابات میں تنازعات کے باوجود ولادیمر پیوٹن 87 فیصد ووٹوں کے ساتھ پانچویں بار صدر منتخب ہونے میں کامیاب ہوئے۔
ایران میں صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت کے بعد صدارتی انتخابات ہوئے جس میں مسعود پیزشکیان کامیاب ہوئے۔سری لنکا میں 2022ء میں آنے والے انقلاب کے بعد نومبر 2024ء میں عام انتخابات ہوئے، جس کے بعد ملک میں نئے دور کا آغاز ہوا۔انڈونیشیا میں پارلیمانی انتخابات ہوئے، جس میں سابق وزیر دفاع سوبیانتو نے کامیابی حاصل کی۔پاکستان میں 2022ء کی تحریک عدم اعتماد کے بعد فروری 2024ء میں انتخابات ہوئے، جس میں مسلم لیگ ن نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائی۔یہ انتخابات عالمی سطح پر سیاسی تبدیلیوں اور جمہوری عمل کی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں اور مختلف ممالک میں سیاسی اور سماجی حالات کو نیا رخ دینے کا سبب بنے ہیں۔