قومی اسمبلی نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024ء منظور کر لیا

قومی اسمبلی نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024ء منظور کر لیا

قومی اسمبلی نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024ء کثرت رائے سے منظور کر لیا ہے۔

 اس بل کے تحت 18رکنی قومی ڈیجیٹل کمیشن تشکیل دیا جائے گا، جس کی صدارت وزیراعظم پاکستان کریں گے۔اس کمیشن میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء، چئیرمین ایف بی آر، چئیرمین نادرا، پی ٹی اے کے چئیرمین، ایس ای سی پی کے چئیرمین اور گورنر اسٹیٹ بینک شامل ہوں گے۔کمیشن قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان کی منظوری دے گا، اور اس پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں تادیبی کارروائی کرے گا۔ ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل کے تحت پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کی چیئرمین کی تعیناتی وزیراعظم کریں گے، اور اس کے اراکین کی تعیناتی چار سال کے لیے کی جائے گی۔

اتھارٹی کے کارکردگی جائزے کے لیے اسٹریٹیجک اوور سائٹ کمیٹی بھی قائم کی جائے گی، جس کے چیئرمین متعلقہ وفاقی وزیر ہوں گے۔ اس بل کا مقصد پاکستان کو ایک ڈیجیٹل قوم میں تبدیل کرنا ہے، اور مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کا طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔کمیشن کے مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیجیٹل نیشن فنڈ قائم کیا جائے گا، اور وزارتِ انفارمیشن اینڈ آئی ٹی کے ذریعے وفاقی کابینہ سے مدد طلب کی جا سکے گی۔