اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے 2024ء کے دوران حکومت کی کارکردگی اور چیلنجز پر روشنی ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال حکومت نے مختلف چیلنجز کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کیا اور عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ 2024ء پاکستان کے لیے بہت اہمیت کا حامل تھا کیونکہ اسی سال انتخابات کا انعقاد ہوا جس میں عوام نے مسلم لیگ ن کو مینڈیٹ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2025ء کا سال بھی پاکستان کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے اقتدار میں آتے ہی ملک کو کئی معاشی چیلنجز کا سامنا تھا، جن میں مہنگائی اور شرح سود میں اضافہ شامل تھا۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ حکومت نے مہنگائی میں کمی کے لیے اقدامات کیے جس کے نتیجے میں مہنگائی کی شرح اب 5 فیصد سے کم ہوچکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب حکومت نے اقتدار سنبھالا تو شرح سود 22 فیصد تھی، لیکن اب یہ 13 فیصد تک آچکی ہے۔اسحاق ڈار نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں اڑان پاکستان پروگرام کا افتتاح کیا ہے جس کا مقصد ملکی معیشت کو مزید بہتر بنانا ہے۔نائب وزیراعظم نے دفتر خارجہ کے ترجمان کی تبدیلی کا بھی اعلان کیا اور بتایا کہ شفقت خان کو نیا ترجمان مقرر کیا گیا ہے جبکہ ممتاز زہرہ بلوچ کو فرانس میں پاکستان کی سفیر تعینات کیا گیا ہے، یہ فیصلے وزیراعظم کے مشورے سے کیے گئے ہیں۔