بی آر ٹی سروس میں 2024ء میں 27 چوری کی وارداتیں، 28 ملزمان گرفتار

بی آر ٹی سروس میں 2024ء میں 27 چوری کی وارداتیں، 28 ملزمان گرفتار

پشاور میں بی آر ٹی سروس کے دوران چوری کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو آیا ہے۔

 پولیس رپورٹ کے مطابق، پشاور کے 9 تھانوں کی حدود میں 2024 کے دوران بی آر ٹی میں مجموعی طور پر 27 چوری کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان وارداتوں میں مسافروں سے 3 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد رقم، ڈھائی تولے سونا اور 18 موبائل فونز چوری ہوئے۔پولیس کے مطابق، مختلف تھانوں میں چوری کی وارداتیں درج کی گئی ہیں، جن میں تھانہ خان رازق میں 5، ٹاؤن اور غربی تھانوں میں 4، 4 کیسز درج کیے گئے ہیں۔ تھانہ شہید گلفت میں 4 وارداتیں ہوئیں، جبکہ حیات آباد کی حدود میں 3 چوری کے واقعات رپورٹ ہوئے۔پولیس رپورٹ کے مطابق، بی آر ٹی سروس میں چوری کرنے والے 28 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں 8 خواتین بھی شامل ہیں۔

 ان ملزمان سے 3 لاکھ روپے سے زائد رقم اور 17 موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔چوری کی وارداتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی ہے، اور عوام نے پولیس سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ بی آر ٹی سروس کے ذریعے سفر کرنے والوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ پولیس حکام نے مزید چوروں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا ہے اور عوام کو آگاہ کیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ اس طرح کی وارداتوں سے بچا جا سکے۔