2024 تعلیمی اصلاحات کا سال رہا : سکندر حیات

 10ماہ کے اقدامات کا موازنہ پچھلی حکومت کے 4سال سے کیا جا سکتا ہے
لاہور (خصوصی رپورٹ)صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سال 2024کو پنجاب میں تعلیمی اصلاحات کا سال قرار دیتے ہوئے اپنی حکومت کے اقدامات کی تفصیلات جاری کر دیں۔وزیر تعلیم نے کہا ہماری حکومت کے 10ماہ کے اقدامات کا موازنہ سابق حکومت کے 4سالوں سے کیا جا سکتا ہے۔وزیر تعلیم نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں چھپنے والی کتابوں کے اخراجات کا ذکر کرتے ہوئے کہا 13ارب میں چھپنے والی کتابیں اب 6ارب سے کم میں شائع کی جا رہی ہیں۔ سال 2024 میں بوٹی مافیا کے نیٹ ورک کو کامیابی سے توڑا گیا۔گوگل کے تعاون سے 3 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی سرٹیفائیڈ کورسز کرانے کا منصوبہ شروع کیا گیا۔آؤٹ آف سکول بچوں کیلئے ٹارگٹڈ مہم چلائی گئی، زیور تعلیم پروگرام کے تحت طالبات کو 2.1 بلین روپے کے وظائف دئیے گئے۔سکولوں میں ٹیک ایجوکیشن کا دائرہ مزید وسیع کیا گیا۔جنوبی پنجاب کے غذائی قلت کا شکار 4 لاکھ بچوں کیلئے سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا گیا۔لڑکیوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لئے بسیں دی گئیں اور سکوٹی سکیم شروع کی گئی۔