نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز اور پھر آسٹریلیا کے خلاف ذلت آمیز شکستوں کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کا ڈریسنگ روم کا ماحول تلخ ہوگیا ہے۔
میلبرن میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 184 رنز کی شکست نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک پہنچنے کی امیدوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔رپورٹس کے مطابق بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر غصے میں ہیں اور انہوں نے ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ گمبھیر نے کھلاڑیوں کو کہا کہ اب بہت ہوگیا ہے اور انہیں نیچرل گیم کے بجائے منصوبہ بندی کے مطابق کھیلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میلبرن ٹیسٹ میں 20.4 اوورز میں 7 وکٹیں گنوائیں، جس کے نتیجے میں ٹیم میچ ہار گئی۔
گمبھیر نے کھلاڑیوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی کھلاڑی حکمت عملی کے مطابق نہیں کھیلے گا تو اس کو ٹیم سے باہر کردیا جائے گا۔ بیٹرز کی مسلسل ناکامی پر بھی گمبھیر نے تشویش کا اظہار کیا، کیونکہ بنگلادیش کے خلاف سیریز، نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز اور اب آسٹریلیا میں بیٹنگ لائن ناکام ثابت ہوئی ہے۔اس ماحول نے ٹیم کے اندر اتحاد کی کمی کو ظاہر کیا ہے، جس کے باعث سلیکٹرز، کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے۔