نوجوان بھارتی بلے باز تلک ورما نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں کامیابی کے بعد اپنی رائے کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ ان کے فطری کھیل سے قریب ہیں اور وہ خاص طور پر طویل فارمیٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔تلک ورما کا کہنا ہے کہ روہت شرما اور ویرات کوہلی کی موجودگی ان کے اعتماد کو کئی گنا بڑھا دیتی ہے، کیونکہ ان تجربہ کار کھلاڑیوں کی رہنمائی سے وہ اپنا کھیل بہتر بنانے میں مدد پاتے ہیں۔ وہ یہ بھی بتاتے ہیں کہ کوہلی کے ساتھ فٹنس اور کھیل کے حوالے سے گفتگو بھی ان کی کارکردگی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی بھی تعریف کی اور کہا کہ گمبھیر ان کے ذہنی مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ گمبھیر انہیں نیٹ سیشنز میں دباؤ میں کھیلنے کی مشق کرواتے ہیں تاکہ وہ میچ کے دوران دباؤ کا بہتر مقابلہ کر سکیں۔تلک ورما کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ کا ان پر مکمل اعتماد ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ تلک ورما نے اب تک صرف محدود فارمیٹ میں کھیلتے ہوئے 23 ون ڈے میچوں میں 661 رنز بنائے ہیں جن میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔ تاہم، انہوں نے ابھی تک ٹیسٹ ڈیبیو نہیں کیا ہے۔بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ون ڈے آج رائے پور میں کھیلا جائے گا، جس سے قبل بھارت کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں دو ٹیسٹ میچز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔