یونان کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی جانوں کے ضیاع کے حوالے سے سکھر کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات محسن نقوی اور ایس ایس پی سکھر کو 15 جنوری کو عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے۔
یہ فیصلہ ایک درخواست کے بعد آیا جس میں کہا گیا کہ حکومتی لاپرواہی کے باعث بے روزگار پاکستانیوں نے غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے کی کوشش کی تھی، جس کے نتیجے میں یونان کے کشتی حادثے میں 75 پاکستانیوں کی جانیں گئیں۔درخواست میں مزید یہ موقف اختیار کیا گیا کہ حکومتی اداروں کی غفلت اور رٹ کے خاتمے کی وجہ سے یہ سانحہ پیش آیا اور اس میں شریک حکومتی عہدیداروں کے خلاف روہڑی تھانے میں مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی۔ اس حوالے سے عدالت نے مذکورہ حکومتی رہنماؤں کو ذاتی طور پر طلب کر لیا ہے تاکہ وہ اس معاملے پر وضاحت پیش کریں اور ذمہ داریوں کا تعین کیا جا سکے۔