کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آسمان پر رنگ برنگی روشنیوں کا ہالہ دیکھنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس نے شہریوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔
یہ خوبصورت روشنیوں کا ہالہ صبح 6:20 بجے کے قریب افق پر نمودار ہوا اور تقریباً 6:45 بجے غائب ہو گیا۔ شہریوں نے اس منظر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں، جن میں رنگ برنگی روشنیوں کا ہالہ مختلف زاویوں سے دیکھا جا سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر کے مطابق، یہ منظر ایک خاص قسم کے بادل یعنی لینٹیکیولر بادل کی تشکیل کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔ یہ بادل سورج نکلنے سے پہلے، صبح کے وقت، کوہ مردار کے مشرقی پہاڑی سلسلے کے اوپر بنتے ہیں۔ لینٹیکیولر بادل ساکن، عدسے یا لینس کی شکل کے ہوتے ہیں، اور یہ پہاڑوں کے ہوا کے مخالف سمت میں بنتے ہیں۔
جب مستحکم اور نم ہوا ان کے اوپر سے گزرتی ہے، تو ہوا کا بہاؤ فضائی لہریں پیدا کرتا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ یہ بادل ان چوٹیوں پر بنتے ہیں جہاں ہوا اپنے نقطہ شبنم تک ٹھنڈی ہو جاتی ہے۔ نچلی جگہوں پر بخارات بن کر غائب ہو جاتے ہیں۔انجم نذیر کا مزید کہنا ہے کہ یہ "ٹھہرے ہوئے لہر نما" بادل بعض اوقات اپنی ہموار، اُڑن طشتری جیسی شکل کی وجہ سے UFOs (نامعلوم فضائی اشیاء) سمجھے جا سکتے ہیں۔ یہ منظر کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں صبح کے وقت ہوا، اور شہریوں کے لئے ایک حیرت انگیز اور دلچسپ تجربہ ثابت ہوا۔