حج آپریٹرزعدالت سے کیسز واپس لیں،ورنہ کوٹہ ختم کردیا جائے،سیکرٹری وزارت مذہبی امورکی سینیٹ قائمہ کمیٹی کو بریفنگ
پرائیویٹ حج کے حوالے سے 80 شکایات ، سرکاری حج سکیم کی 18ہزار شکایات موصول ہوئیں،پرائیویٹ حج آپریٹرز کا دعویٰ
اسلام آباد(آئی این پی )سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے اگلے برس تمام حج پرائیویٹ آپریٹرزکے ذریعے ہو،حج آپریٹرزعدالت سے کیسز واپس لیں،ورنہ کوٹہ ختم کردیا جائے جبکہ پرائیویٹ حج آپریٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ پرائیویٹ حج کے حوالے سے 80شکایات جبکہ سرکاری حج سکیم کی 18 ہزار شکایات موصول ہوئیں۔تفصیل کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا عطا اللہ الرحمن کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ذوالفقار حیدر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ برس سعودی عرب کی ہدایت پر کمپنیوں کی تعداد 500سے کم کرکے162 کردی گئی، ہم چاہتے ہیں حکومت حج انتظامات سے نکل جائے۔سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے کہا کہ ہوسکتا ہے اگلے برس تمام حج پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے ہو، پرائیویٹ حج آپریٹرز عدالت سے کیسز واپس لیں بصورت دیگر ان کا کوٹہ ختم کردیا جائے گا، وزرات مذہبی امور میں پہلے 904 کمپنیوں کو پرائیویٹ حج کے حوالے سے رجسٹرڈ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے اتنی کمیٹیوں پر پریشان ہوا، اس سال سعودی عرب نے 2 ہزار حج کوٹہ فی کمپنی کردیا گیا جو 46 کمپنیوں کو دیا گیا، سعودی عرب کی ہدایت پر پرائیویٹ حاجی سکیم کے تحت حج کوٹہ 46 کمپنیوں کو دیا گیا۔نمائندہ پرائیویٹ حج آپریٹرز نے بتایا کہ پرائیویٹ حج کے حوالے سے 80 شکایات جبکہ سرکاری حج سکیم کی 18 ہزار شکایات موصول ہوئی۔ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ سعودی حکام 904 کمپنیوں کو ڈیل نہیں کرنا چاہتے، انہوں نے ہی کمپنیوں کو کم کرکے 46 کرنے کا حکم دیا۔پرائیویٹ حج کے لئے پرائیویٹ آپریٹرز کی تعداد کم کرنے پر حج آپریٹرز اور مذہبی مور میں اختلافات دور کرنے پر اقلیتی رکن ڈاکٹر دنیش کمار نے تجاویز دیں۔چیئرمین کمیٹی مولانا عطا الرحمن نے کہا کہ ڈاکٹر دنیش حج پر اس طرح دلائل دے رہے ہیں جیسے انہوں نے چار حج کیے ہیں، ان کے ان ریمارکس پر قہقہے لگ گئے۔دنیش کمار نے کہا کہ میں حج کے بارے میں معلومات رکھتا ہوں، میں تو سینیٹ میں سود کے خلاف تقریر میں قرانی آیات کا حوالہ بھی دے چکا ہوں۔