بکنگ مکمل نہ ہونے پر پرائیویٹ حج سکیم کے کوٹے کو سرکاری میں ضم کرنے پر غور

پرائیویٹ حج آپریٹرز 15 روز میں صرف 9 ہزار 295 عازمین کی بکنگ کر سکے ہیں،پندرہ روز میں 620 بکنگز ہوئیں
 اگر بکنگ مکمل نہ ہوئی تو پرائیویٹ حج کوٹہ سرکاری سکیم میں ضم کیا جا سکتا ہے۔ آپریٹرز کو ہدایات جاری : وزارتِ مذہبی امور
اسلام آباد(آئی این پی) وزارتِ مذہبی امور نے     بکنگ مکمل نہ ہونے   پرپرائیویٹ حج اسکیم کے کوٹے کو سرکاری اسکیم میں ضم کرنے پر غور شروع کردیا    پرائیویٹ حج آپریٹرز گزشتہ 15 روز میں صرف 9 ہزار 295 عازمین کی بکنگ کر سکے ہیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ حج بکنگ کی آخری تاریخ میں 14 دن باقی ہیں جبکہ اب بھی 29 ہزار سے زائد نشستوں پر بکنگ باقی ہے۔ پندرہ روز میں روزانہ اوسطا 620 بکنگز ہوئیں، جب کہ ہدف پورا کرنے کے لیے روزانہ کم از کم 2 ہزار 75 بکنگز درکار ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ اگر بکنگ مکمل نہ ہوئی تو پرائیویٹ حج کوٹہ سرکاری اسکیم میں ضم کیا جا سکتا ہے۔وزارتِ مذہبی امور نے بکنگ میں تیزی  کیلئے   پرائیویٹ آپریٹرز کو ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔رواں سال پرائیویٹ حج آپریٹرز کا کوٹہ 90 ہزار سے کم کرکے 60 ہزار کر دیا گیا ہے، جب کہ گزشتہ سال حج سے محروم رہ جانے والے 21 ہزار 654 عازمین کو بھی اس سال حج پر بھجوایا جائے گا۔