ٹرمپ نے پاکستان کی ایک ممتاز سیاسی شخصیت سے فون پر بات کر لی ،جوبائیڈن کے مشیر کا دعویٰ

 میجر بریک تھرو ہوا،دیگر پاکستانیوں سے بھی جلد بات ہوگی ،اس سے پاکستان میں منظر نامہ بدلے گا؟ اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا،شاہد خان کاانٹرویو
 نومنتخب امریکی صدر نے کس پاکستانی شخصیت سے بات کی یہ بات ڈس کلوز نہیں کرسکتا، جوبائیڈن کے مشیر کی انفارمیشن بالکل سچ ہے،ساجد تارڑ 
 اسلام آباد(آئی این پی ) امریکی صدر جوبائیڈن کے مشیر شاہد خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ہماری سفارش پر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی ایک ممتاز سیاسی شخصیت سے فون پر بات کر لی ہے، ٹیلی فونک رابطہ ہو چکا ہے جبکہ دیگر پاکستانیوں سے بھی جلد بات ہوگی۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خان نے کہا کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جس پاکستانی شخصیت سے ٹیلی فون پر بات ہوئی وہ انتہائی اہم آدمی ہیں۔ رابطہ ہوچکا ہے۔ میجر بریک تھرو ہوا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کیا اس سے پاکستان میں منظر نامہ بدلے گا؟ میں اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔ لیکن یہ بتا دوں کہ یہ اہم رابطہ میں نے ہی کروایا ہے۔ شاہد خان نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے جیتنے کے بعد دنیا میں ہر کوئی امریکا کی بات کر رہا ہے۔ کیوں کہ ان کی پالیسی پوری دنیا پر اثر انداز ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سوشل میڈیا سے جلد متاثر ہونے والی شخصیت ہیں۔ سوشل میڈیا کا ان پر بڑا اثر ہے۔ وہ اس پلیٹ فارم پر یقین کرتے ہیں۔ ایکس کے سربراہ ایلون مسک ان کی کابینہ کا حصہ بن چکے ہیں۔ ان کی اس حوالے سے نفسیات بہت کمال کی ہے۔ اس موقع پر ٹرمپ کے مشیر ساجد تارڑ نے کہا کہ نومنتخب امریکی صدر نے کس پاکستانی شخصیت سے بات کی وہ خود بتائیں تو اچھا ہوگا، میں یہ بات ڈس کلوز نہیں کرسکتا۔ امریکی صدر جوبائیڈن کے مشیر شاہد خان کی انفارمیشن بالکل سچ ہے۔