منصوبہ ملک کو ایسے مقام پر پہنچادے گا کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری قرض پروگرام ہوگا،پروگرام کے تحت کلی معیشت کے استحکام کوبرآمدات پرمبنی نموکی طرف لے جایاجائیگا، سٹرکچرل ریفارمزکوآخر تک لے جانا ہوگا،محمد اورنگزیب
ملک کی معاشی سمت کادرست اندازمیں تعین ہو گا، علی پرویزملک،الحمد اللہ پاکستان کے تمام معاشی اشاریئے بہتر ہوئے ، ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی طرف آیا اور اب استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، وزیر اطلاعات عطاء تارڑ
ملک معاشی طورپر مضبوط ہو گااور سرمایہ کاری آئے گی،طارق فضل ،مضبوط معیشت ہی مضبوط پاکستان بنا سکتی ہے ،سینیٹر طلال چودھری،اڑان پاکستان انقلابی ا قدام ،اس سے تعلیم، صحت، روزگار اور کاروبار کے مواقع میں اضافہ ہو گا،احسن اقبال
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزراء نے قومی اقتصادی منصوبے’’ اڑان پاکستان‘‘ 2024-29کو ایک انقلابی اقدام قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبہ ملک کو ایسے مقام پر پہنچادے گا کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری قرض پروگرام ہوگا،الحمد اللہ پاکستان کے تمام معاشی اشاریئے بہتر ہوئے ہیں ، ملک کی معاشی سمت کادرست اندازمیں تعین ہو گا، اس سے تعلیم، صحت، روزگار اور کاروبار کے مواقع میں اضافہ ہو گا،مضبوط معیشت ہی مضبوط پاکستان بنا سکتی ہے جس کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے منگل کو جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں قومی اقتصادی منصوبے’’ اڑان پاکستان‘‘ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تحت کلی معیشت کے استحکام کوبرآمدات پرمبنی نموکی طرف لے جایاجائے گا،یہ ملک کو آئندہ دو سے تین سالوں میں ایسے مقام پر پہنچا دے گا کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری قرض پروگرام ہوگا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ملک میں آنے والے میکرو اکنامک استحکام کو سسٹینیبل گروتھ یعنی پائیدار ترقی کی طرف لے کر جانا ہے جس کے لیے معاشی ترقی برآمدات پر منحصر ہو گی اور نجی شعبے کو ملک کی قیادت کرنا ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ سٹرکچرل ریفارمز جو شروع کیے ہیں انہیں آخر تک لے کر جانا ہوگا چاہے وہ ٹیکسوں کے حوالے سے ہوں، توانائی کے شعبے سے یا پھر نجکاری کا ایجنڈا ہو۔وزیر خزانہ نے کہا کہ اڑان پاکستان منصوبہ اگلے 3 سالوں میں دنیا کے بڑے ممالک کی صف میں لا کھڑا کرے گا،۔حکومت کے اخراجات کے حوالے سے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ خرچوں کو کم کرنے کے لیے پوری تندہی سے کام ہو رہا ہے۔ وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے منصوبے سے متعلق جاری بیان میں کہا کہ نیشنل اکنامک پلان 2024-29 معاشی اصلاحات کا ایجنڈا ہے جس کے تحت معاشی ترقی کا سفر طے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کا ایجنڈا پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ترقی کے لیے ہے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ الحمد اللہ پاکستان کے تمام معاشی اشاریئے بہتر ہوئے ہیں۔ اڑان پاکستان ۔ ہوم گرون نیشنل اکنامک پلان 2024-29کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہوم گرون اکنامک ایجنڈا میڈ ان پاکستان معاشی اصلاحات کا ایجنڈا ہے، جبکہ ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی طرف آیا اور اب استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہوم گرون ایجنڈا ایک اہم اقدام ہے، ہوم گرون ایجنڈے کے تحت معاشی ترقی کا سفر طے کیا جائے گا، پاکستان کے عوام کو خوشخبریاں ملیں گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید یہ بھی کہا کہ معاشی اصلاحات کا ایجنڈا پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ترقی کے لیے ہے۔ وزیرمملکت برائے خزانہ ومحصولات علی پرویزملک نے کہاہے کہ اڑان پاکستان پروگرام سے ملک کی معاشی سمت کادرست اندازمیں تعین کیاجائے گا۔ علی پرویزملک نے کہاکہ یہ وہ ایجنڈاہے جس سے پاکستان کی معیشت کی بنیادوں کومضبوط بنایاجائے گا اورملک کی اقتصادی سمت کادرست اندازمیں تعین کیاجائے گا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر پروفیسر احسن اقبال نے بھی کہا ہے کہ اڑان پاکستان ایک انقلابی ا قدام ہے ،اس سے تعلیم، صحت، روزگار اور کاروبار کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔ اپنے پیغام میں احسن اقبال نے اڑان پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ قدم ہے جو سیاسی افراتفری یا کسی بھی سیاسی لانگ مارچ سے گریز کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ قومی اتحاد قائم کر کے کامیاب ہو سکتا ہے۔ اس کے بجائے، معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے تاکہ ہم دنیا کے ساتھ موثر انداز میں مقابلہ کر سکیں ۔ سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے لئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، مضبوط معیشت ہی مضبوط پاکستان بنا سکتی ہے جس کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کچھ مسائل پر تو قابو پالیا ہے ، اب ڈیفالٹ کی بات نہیں ہوتی۔سٹاک ایکسچینج مضبوط ہوا ہے مگر اب بھی ملک میں بہت سارے مسائل ہیں ۔پائیدار ترقی کے لئے ہم سب کو مل کر سیاسی استحکام لانا ہوگا اور ملک کی معیشت کی ایسی بنیاد رکھنا ہوگی جس سے آنے والی کئی دہائیوں تک پائیدار ترقی حاصل ہو ۔ قومی اسمبلی میں حکمران اتحاد کے چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے، جس پانچ سالہ منصوبے کا وزیراعظم نے آغاز کیا ہے ،اس کے نتیجہ میں ملک میں سرمایہ کاری آئے گی، ملک معاشی طورپر مضبوط ہو گااور سرمایہ کاری آئے گی۔ معیشت اور ترقی کا پہیہ بہتر طورپر چلے گا۔