ایم ایل ون منصوبہ 3سال میں مکمل کرنیکا ہدف مقرر، 2.5 ارب ڈالر لاگت آئیگی

 ایم ایل ون پاکستان ریلوے کے پورے نظام کی شہ رگ ، کراچی تا لاہور سفر کے دورانیے میں 5 گھنٹے کی واضح کمی آئیگی :حنیف عباسی 
لاہور(آئی این پی )حکومت نے ایم ایل ون منصوبہ(نواب شاہ تا روہڑی سیکشن ) 2.5 ارب ڈالر کی لاگت سے 3 سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے جس سے کراچی تا لاہور سفر کا دورانیہ تقریبا 5 گھنٹے کم ہوگا۔یہ بات وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے نائب صدر ینگ کی سربراہی میں وفدسے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں نواب شاہ تا روہڑی ایم ایل ون سیکشن کی اپ گریڈیشن، فنانسنگ ماڈل، ریلوے کے جاری اصلاحاتی ایجنڈے اور مستقبل کے سٹریٹجک روڈ میپ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ نواب شاہ تا روہڑی سیکشن کی اپ گریڈیشن پر تقریبا 2.5 ارب امریکی ڈالر لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور حکومت اس منصوبے کو تین سال کی مدت میں مکمل کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق 183 کلومیٹر طویل نواب شاہ تا روہڑی سیکشن پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے مرکزی سرمایہ کاری قرض(انوسٹمنٹ لون) کی منظوری کے عمل کو تیز تر بنانے کی درخواست بھی کی۔محمد حنیف عباسی نے ایم ایل ون کو پاکستان ریلوے کے پورے نظام کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم کوریڈور کی جدید خطوط پر استواری سے کراچی تا لاہور سفر کے دورانیے میں قریبا 5 گھنٹے کی واضح کمی آئے گی