عظمیٰ بخاری کی جعلی وائرل ویڈیو کے مقدمے کی سماعت، تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا

عظمیٰ بخاری کی جعلی وائرل ویڈیو کے مقدمے کی سماعت، تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا

لاہور: ضلع کچہری لاہور نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کی مبینہ جعلی وائرل ویڈیو کے مقدمے کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو کی جانب سے جاری تحریری حکم کے مطابق عدالت نے شریک ملزم شہاب الدین پر فردِ جرم عائد کردی۔حکم نامے کے مطابق عظمیٰ بخاری نے اپنا بیان قلمبند کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ فلک جاوید کو کمرۂ عدالت میں موجود ہونا چاہیے۔ فلک جاوید کے وکیل میاں علی اشفاق نے ملزمہ کو عدالت میں پیش نہ کیے جانے پر اعتراض اٹھایا۔عظمیٰ بخاری نے بیان ریکارڈ کرانے کے بعد فوری جرح کی استدعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر ہونے کے باعث ان کی ذمہ داریاں ہیں اور ملزمان کیس کو طول دینے کے لیے تاخیری حربے استعمال کرسکتے ہیں۔

تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ پہلی مرتبہ التوا کی درخواست کر رہے ہیں۔ دورانِ سماعت فریقین اور وکلا کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔عدالت نے تمام فریقین کو ہدایت کی کہ عدالت کا تقدس برقرار رکھا جائے۔ حکم نامے میں واضح کیا گیا کہ اوپن کورٹ تک رسائی کا مطلب عدالتی کارروائی میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں ہے، آئندہ کسی فریق کی جانب سے ایسی حرکت کی گئی تو عدالت پابندی عائد کرسکتی ہے۔عدالت نے فریقین کو ہدایت کی ہے کہ جرح کے لیے 12 ستمبر کو عدالت میں پیش ہوں۔