راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت، مزید گواہان کے بیانات قلمبند
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 9 مئی کو ہونے والے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی زیر صدارت ہوئی۔ اس دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی، عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔جی ایچ کیو حملہ کیس میں مزید دو گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے جن میں کانسٹیبل عمران اور ایس ڈی او اویس شاہ شامل تھے۔ گواہ کانسٹیبل عمران نے عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی تصاویر پیش کیں، جبکہ گواہ اویس شاہ نے جی ایچ کیو گیٹ پر توڑ پھوڑ کی تخمینہ رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق، جی ایچ کیو گیٹ پر توڑ پھوڑ کے نتیجے میں 7 لاکھ 80 ہزار روپے کا نقصان ہوا۔عدالت میں کیس کے شواہد پر مشتمل 13 یو ایس بیز بھی جمع کرائی گئیں، جن میں متعلقہ مواد شامل تھا۔ عدالت نے کہا کہ وکلا صفائی ان یو ایس بیز کی کاپیاں حاصل کر سکتے ہیں تاکہ دفاع کے لیے مواد کی جائزہ لیا جا سکے۔کیس کی مزید سماعت 6 فروری 2025 کو ملتوی کر دی گئی۔