راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید احمد، علی امین گنڈاپور اور شبلی فراز سمیت 120 سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 24 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پراسیکیوٹر بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔سماعت کے دوران شیخ رشید احمد کے وکیل سردار عبدالرازق نے اپنے مؤکل کی بیرون ملک روانگی سے متعلق درخواست پر سماعت کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے درخواست پر پراسیکیوشن کو مزید دلائل کے لیے دن 12 بجے تک کا وقت دے دیا۔شیخ رشید احمد نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں اپنی حاضری لگائی، جس کے بعد وہ اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ عدالت سے روانہ ہوگئے۔بعد ازاں عدالت نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 24 ستمبر تک ملتوی کردی۔