نئی دہلی (نیٹ نیوز) دہلی پولیس نے یوم جمہوریہ کے موقع پر لڈو تقسیم کرنے کی انوکھی حکمت عملی اپنا کر ایک مفرور قاتل کو گرفتار کر لیا۔ ملزم تین سال سے پولیس کو چکمہ دے رہا تھا۔پولیس کے مطابق 40 سالہ کیلاش نے 2008 میں دہلی کے علاقے نجف گڑھ میں اپنی بیوی کو غیر ازدواجی تعلقات کے شبہے میں قتل کر دیا تھا، جس کے بعد 2011 میں عدالت نے اسے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ تاہم 2021 میں کورونا وبا کے دوران تین ماہ کی پیرول پر رہا ہونے کے بعد وہ واپس جیل نہیں پہنچا اور فرار ہو گیا۔دہلی پولیس کرائم برانچ کے ایڈیشنل کمشنر سنجے کمار سین کے مطابق کیلاش گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل مقامات تبدیل کرتا رہا۔ پہلے وہ دہلی کے لکشمی نگر میں ایک سال تک چھپا رہا، پھر دو سال ہریدوار میں گزارے۔ حال ہی میں وہ اپنے آبائی گاؤں شیوپوری (مدھیہ پردیش) واپس آیا اور وہاں مزدور کے طور پر کام کر رہا تھا۔پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق پولیس نے مقامی مخبروں کی مدد سے اس کی نقل و حرکت کی تصدیق کی اور یوم جمہوریہ کے موقع پر ایک منفرد حکمت عملی اپنائی۔ پولیس ٹیم نے دیہاتیوں میں گھل مل کر 'بوندی کے لڈو' تقسیم کیے تاکہ کسی کو شک نہ ہو اور اسی دوران خفیہ طور پر ملزم کی شناخت کر کے اسے گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار کیے جانے کے بعد کیلاش کو دوبارہ جیل حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں وہ اپنی بقیہ سزا پوری کرے گا۔ پولیس کی یہ انوکھی کارروائی سوشل میڈیا پر بھی کافی زیر بحث ہے۔