لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے اے ایس پی سے ایس پی رینک پر پروموٹ ہونے والی 47 ویں کامن کی خواتین پولیس افسران نے اپنی فیملیز کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری اور ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ذیشان اصغر سمیت دیگر موجود تھے۔ ترقی پانے والی خواتین پولیس افسران میں ایس پی انعم تجمل، ایس پی کائنات اظہر خان اور ایس پی خدیجہ عمر شامل ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر پولیس افسران نے پروموٹ ہونے والی ایس پیز اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے آئندہ کریئر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ترقی پانے والی خواتین پولیس افسران کو پروموشن لیٹرز دیئے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ خواتین پولیس افسران نے بطور اے ایس پی رورل اینڈ اربن پولیسنگ، کرائم فائٹنگ، لا اینڈ آرڈر کنٹرول اور پبلک سروس ڈلیوری میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پروموٹ ہونے والی ایس پیز فیوچر لیڈرز، درست فیصلہ سازی اور معیاری تفتیش سے انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ پنجاب پولیس میں خواتین پولیس افسران مرد افسران کے شانہ بشانہ دہشت گردی اور شدت پسندی سمیت تمام چیلنجز کا بہترین صلاحیتوں سے سامنا کر رہی ہیں۔