شالیمار ایکسپریس حادثے میں ڈرائیور کی غلطی سامنے آگئی

شالیمار ایکسپریس حادثے میں ڈرائیور کی غلطی سامنے آگئی

لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کے حادثے کی ابتدائی تحقیقات میں ڈرائیور کی غلطی کا انکشاف ہوا ہے۔

 یہ حادثہ گزشتہ روز لاہور کے شاہدرہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا تھا، جب تین کوچز پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر متاثر ہوئی۔ریلوے کے ذرائع کے مطابق حادثے کی تحقیقات کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس میں ڈپٹی چیف انجینئر بریج، ڈپٹی چیف انجینئر میکینکل، ڈپٹی چیف افسر سیفٹی اور دیگر متعلقہ افراد شامل ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم نے تمام شواہد اکٹھے کیے، جن میں سی سی ٹی وی فوٹیج، عینی شاہدین کے بیانات، اور ریلوے ٹریک اور بریج کا معائنہ شامل تھا۔کمیٹی نے ڈرائیور اور دیگر عملے کے افراد کے بیانات بھی حاصل کیے ہیں، اور ان سے اس بات کی وضاحت طلب کی گئی ہے کہ آیا ٹرین کی رفتار معمول سے زیادہ تھی۔ تحقیقاتی ٹیم نے ٹریک اور بریج کی ماہانہ انسپکشن کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ریلوے ٹریک میں کوئی خرابی تھی جو حادثے کا سبب بن سکتی تھی۔ریلوے ذرائع کے مطابق شالیمار ایکسپریس حادثے کے بعد، ریلوے حکام نے فوری طور پر ٹریک کی مرمت اور ٹرینوں کی آمد و رفت کو معمول پر لانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور ان کی رپورٹ جلد ہی مکمل ہونے کی توقع ہے۔