وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک موجود پاکستانی سفارتخانے پاکستانی افرادی قوت، خصوصاً نوجوانوں، کے لیے روزگار کے نئے مواقع تلاش کرنے اور ان سے متعلق معلومات کی فراہمی کا عمل مزید تیز کریں۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی سے متعلق ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں ہنر مند افرادی قوت کی تیاری، بیرون ملک ملازمتوں کے مواقع اور تربیتی پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پروٹیکٹریٹ آف امیگریشن کے پورے نظام کو ڈیجیٹل بنایا جائے تاکہ بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو شفاف اور تیز تر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے وزارتِ سمندر پار پاکستانی، نیوٹیک (NAVTTC) اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کے لیے جدید فنی مہارتوں، بین الاقوامی معیار کی تربیت، مختلف زبانوں کے کورسز اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیشنز کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت باصلاحیت ہے اور حکومت انہیں عالمی معیار کی تعلیم، تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پاکستانی سرٹیفکیشنز کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے متعلقہ ادارے مختلف ممالک کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ جن ممالک میں پاکستانی ہنرمندوں کے لیے روزگار کے زیادہ مواقع موجود ہیں، وہاں کی زبانوں کی تعلیم اور متعلقہ سرٹیفکیشنز کو بھی تربیتی پروگراموں کا حصہ بنایا جائے۔
انہوں نے نیوٹیک کے تحت تکنیکی و فنی تربیت کے اداروں کی کارکردگی اور کنٹری آف ڈیسٹینیشن سینٹرز کے قیام سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب میں اب تک آٹھ لاکھ نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں۔ بیرون ملک تعمیرات، زراعت، سیاحت، صحت، ٹرانسپورٹ، بائیوٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، شپ بلڈنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، نرسنگ، دواسازی اور خوراک کی صنعت سمیت متعدد شعبوں میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع موجود ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ان شعبوں میں پاکستانیوں کو روزگار دلانے کے لیے تربیتی پروگرام جاری ہیں، جبکہ مختلف ممالک میں دستیاب ملازمتوں اور مطلوبہ اہلیت سے متعلق معلومات پاکستانی سفارتخانے ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل پر فراہم کریں گے تاکہ نوجوان آسانی سے ان مواقع سے استفادہ کر سکیں۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین نیوٹیک راجا قمر الاسلام، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔