رونے کی آواز سن کرمقامی افرا د نے پولیس کو اطلاع دی ، بچی کو چلڈرن ہسپتال منتقل کردیا گیا
وزیراعلیٰ کی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو نومولود کو تحویل میں لینے کی ہدایت ،بہترین نگہداشت کی جائیگی،سار ہ احمد
لاہور(کرائم رپورٹر) گجومتہ چوک ایل ڈی اے روڈ کے قریب زیر تعمیر گھر سے نومولود بچی برآمد ہوئی جسے تھیلے میں بند کر کے پھینک دیا گیا تھا۔ترجمان ریسکیو 1122کے مطابق گجومتہ چوک ایل ڈی اے روڈ پر واقع زیر تعمیر گھر میں پڑے بند تھیلے سے بچے کی رونے کی آواز سن کر مقامی افراد نے ریسکیو اور پولیس کو اطلاع دی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے شاپر میں موجود بچی کو فوری طور پر چلڈرن ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔ جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے بچی کو پھینکنے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم کو نومولود بچی کو فوری طور پر تحویل میں لینے کی ہدایت کر دی ہے۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا کہنا ہے کہ نومولود بچی کو تحویل میں لے کر چائلڈ پروٹیکشن بیورو منتقل کیا جائے گا جہاں اس کی بہترین نگہداشت اور پرورش کی جائے گی۔