وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں جاری اصلاحات، میٹرو بس سروس کی کارکردگی اور مستقبل کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ میٹرو بس سروس کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ اس میں اسٹیشنز کی حالت بہتر بنانا، سروس کے روٹ میں اضافہ اور سروس کے معیار کو بہتر بنانے جیسے اہم امور شامل ہیں۔اس کے علاوہ، ایک مشترکہ کوآرڈی نیشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ مختلف اقدامات کو مؤثر طریقے سے چلایا جا سکے اور سروس کی بہتری یقینی بنائی جا سکے۔ محسن نقوی نے کہا کہ روزانہ ہزاروں مسافر راولپنڈی سے اسلام آباد تک میٹرو بس سروس استعمال کرتے ہیں، اس لیے اس کی بہتری ضروری ہے۔
ملاقات میں عوامی سہولت کے ساتھ ساتھ سموگ کے خاتمے کے لیے الیکٹرک ٹرانسپورٹ کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ محسن نقوی نے بتایا کہ اسلام آباد میں تاریخ میں پہلی بار الیکٹرک بسوں کا اجرا کیا گیا ہے اور ان کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جا رہا ہے۔دوسری طرف، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے پنجاب میں جاری اصلاحات اور بہتری کے اقدامات سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا، تاکہ ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں یکسانیت اور موثر کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔