لیسکو نے 12 کروڑ کی بوگس بلنگ کی ، ایک کروڑ کی ایڈجسٹمنٹ کی گئی
ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی سفارش،انکوائری رپورٹ سی ای او کوارسال
لاہور(خصوصی رپورٹ )ریلوے میں بجلی بلوں کی مد میں کروڑوں روپے کی بوگس ادائیگیوں کا انکشاف، ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی سفارشات ،بوگس بجلی بلوں کی ادائیگی پر ڈی جی ویجیلنس نے انکوائری رپورٹ مکمل کرکے چیف ایگزیکٹو ریلوے کو ارسال کردی، انکوائری رپورٹ میں 11 کروڑ سے زائد کی بوگس ادائیگیوں کی نشاندہی کردی گئی، رپورٹ کے مطابق ریلوے کی تین رہائشی کالونیوں کا بجلی اور بلنگ کا مکمل انتظامیہ 2023 میں لیسکو کو سونپ دیا گیا،معاہدے کے مطابق تمام رہائشیوں کے بجلی کے میٹرز لیسکو نے لگائے اور بلنگ بھی ہورہی ہے، الگ الگ بلنگ کے باوجود لیسکو نے اجتماعی طور پر ریلوے کو بھی بل بھجوائے ، مجموعی طور پر لیسکو نے 12 کروڑ سیزائد کی بوگس بلنگ کی جس میں سے ایک کروڑ کی ایڈجسٹمنٹ ہوئی، ریلوے ورکشاپس ڈویڑن کے شعبہ الیکٹرک کی جانب سے یہ تمام ادائیگیاں بغیر کسی انویسٹی گیشن کے لیسکو کو کی گئیں، انکوائری رپورٹ کے مطابق ڈویڑنل الیکٹریکل انجینئر ورکس اور دیگر الیکٹرک افسران کی غفلت اور لاپروائی سے ریلوے کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، انکوائری میں غفلت برتنے والے افسران ڈویڑنل الیکٹریکل انجینئر ورکس، ایس ای ای ورکشاپس اور وائر مین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارشات کردیں،انکوائری کمیٹی نے سفارشات کیں کہ مذکورہ افسران 7 سال سے ایک ہی سیٹ پر براجمان ہیں،ریلوے میں روٹیشن پالیسی پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے۔