9 سال بعد 2 کنال 8 مرلے قیمتی اراضی واگزار

 ہل چلا کر قبضہ ختم کرادیاگیا،اراضی اصل مالکان منیر، اسلم اور نذیر کے حوالے 
صدرگوگیرہ (خصوصی رپورٹ ) تھانہ چوچک کی حدود میں نواحی گا ئوں 9 جیڈی میں 9 سال بعد منیر، اسلم اور نذیر کی 2 کنال 8 مرلے زمین انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے واگزار کرا لی۔ آپریشن وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد کی نگرانی میں کیا گیا۔ریونیو حکام کے مطابق زمین پر گزشتہ 9 سال سے اشرف اور لطیف نامی افراد نے ناجائز قبضہ کیا ہوا تھا۔ ضلعی انتظامیہ نے شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے پولیس اور ریونیو ٹیم کے ہمراہ موقع پر آپریشن کیا، اس دوران تحصیلدار، کانوگو، پٹواری،نمبردار اور تھانہ چوچک پولیس موجود رہی۔ زمین پر ہل چلا کر قبضہ ختم کرایا گیا اور اراضی باقاعدہ اصل مالکان منیر، اسلم اور نذیر کے حوالے کر دی گئی،زمین واگزار ہونے پر انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز ، ڈی سی اوکاڑہ اور اے سی رینالہ خورد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ 9 سال بعد انہیں انصاف ملا ہے۔اہلِ علاقہ نے بھی انتظامیہ کے ایکشن کو سراہتے ہوئے اسے قبضہ مافیا کے خلاف اہم پیشرفت قرار دیا۔