منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈائون،11ہلاک
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ایکشن میں آ گیا ،ہلاک ملزموں میں نبیل، نیاز، ظفر، خضر، مظہر، خادم ودیگر شامل ہیں ، خصوصی ٹیم نے فیروزوالہ کارروائی کی،ملزموں کا ڈیرہ بھی مسمار کردیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر )پنجاب حکومت کے احکامات پر کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی)نے صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈائون شروع کردیا۔مختلف شہروں میں مبینہ مقابلوں کے دوران 11منشیات فروش ہلاک ہوگئے۔ گجرات اور گوجرانوالہ ریجن میں8 ، بہاولنگر میں ا ، سرگودھا میں1ملزم مارا گیا اور ایک فیروز والا میں مارا گیا۔سی سی ڈی گجرات کے ساتھ مبینہ مقابلوں میں 2 انتہائی مطلوب منشیات فروش ہلاک ہوئے جبکہ پھالیہ میں اشتہاری مارا گیا۔تفصیل کے مطابق گجرات میں پہلے پولیس مقابلہ کے دوران حیات گڑھ گائوں کے قریب منشیات فروش ،ڈاکو اور بھتہ خور نبیل رضا عرف بینا کمہار مارا گیا ،جو 45 مقدمات کا ریکارڈ یافتہ اور 4 سنگین مقدمات میں اشتہاری تھا۔حویلہ خرد گائوں کے قریب دوسرے پولیس مقابلہ کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش نیاز احمد عرف نیازا جبکہ ساہی موڑ پھالیہ کے قریب مبینہ مقابلہ میں منشیات فروش ظفر اقبال سکنہ کٹھیالہ شیخاں ہلاک ہو گیا۔ تھانہ قادرآباد پولیس نے مقابلے کے بعدمنشیات فروش علی رضا کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے پستول اور منشیات برآمد کر لی۔گوجرانوالہ ،حافظ آباد اور سیالکوٹ میں ایک ایک مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ،جس میں 5 آئس ہیروئن کے ڈیلر مارے گئے۔ ان میں گوجرانوالہ میں مبینہ مقابلے کے دوران منشیات فروش خضر ہلاک ہوا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد منشیات خصوصاً آئس ہیروئن کی سپلائی اور فروخت میں ملوث تھے۔ادھر بہاولنگر میں سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلے میں ایک منشیات فروش ہلاک، دو ساتھی فرار ہوگئے۔ سی سی ڈی پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کی ہوئی تھی، تین موٹر سائیکل سوار ملزموں کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلہ میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا، جبکہ دو ملزم بھاری مقدار میں منشیات سمیت فرار ہو گئے، ہلاک ایک ملزم کی مظہر کے نام سے شناخت ہوئی ہے۔ادھر سرگودھا ریجن کے علاقہ جوہرآباد میں سی سی ڈی ٹیم نے نسیم کالونی منگور روڈ پر منشیات فروشوں کی اطلاع پر ان کی گرفتاری کے چھاپہ مارا تو فائرنگ کیتبادلے میں سلانوالی کے چک 125 شمالی کا منشیات فروش خادم مسیح ہلاک اور کانسٹیبل فضل فاروق شدید زخمی ہو گیا۔ترجمان سی سی ڈی نے کہا ہے کہ پنجاب بھر سے منشیات فروشوں کے کوائف اکٹھے کیے جا چکے ہیں،پنجاب سے منشیات فروشی کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔ترجمان سی سی ڈی نے یہ بھی کہا کہ نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔سی سی ڈی لاہور کی خصوصی ٹیم نے فیروزوالہ میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کر لی۔ چھاپے کے دوران پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں ایک ملزم ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ذرائع پولیس کے مطابق کارروائی کا مقصد بدنام زمانہ منشیات فروش صدام عرف شربت خان اور روزی خان کو گرفتار کرنا تھا سی سی ڈی کی ٹیم میں ڈی ایس پی محمد علی بٹ، فاروق اصغر اعوان، حسین حیدر سمیت دیگر افسران شامل تھے، جب کہ یہ خصوصی ٹیم سی سی ڈی کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایت پر تشکیل دی گئی تھی مبینہ ملزمان نے شیخوپورہ کے علاقے میں منی کچہ جیسی صورتحال پیدا کر رکھی تھی جہاں سے جدید اسلحہ اور بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد ہوئی۔ کارروائی کے بعد ملزمان کے ڈیرہ کو بھی مسمار کر دیا گیافرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے جبکہ گرفتار اور ہلاک ملزمان کے خلاف پولیس مقابلے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں ۔