ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سوا لاکھ چالان

 72 گھنٹے کے دوران 13 کروڑ 48 لاکھ روپے کے جرمانے، 4 ہزار 585 افراد حوالات منتقل،25 ہزار سے زائدگاڑیاں بند
لاہور (کرائم رپورٹر )پنجاب بھر میں نئے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کی ہدایت پر وسیع پیمانے پر کریک ڈائون جاری ہے۔ ترجمان پنجاب ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ایک لاکھ 26 ہزار شہریوں کے چالان اور مجموعی طور پر 13 کروڑ 48 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔کریک ڈائون کے دوران مجموعی طور پر 25 ہزار 424 موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کی گئیں، جبکہ سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر 4 ہزار 585 افراد کو حوالات منتقل کیا گیا۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں کو سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی بھی خلاف ورزی پر رعایت نہ دی جائے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے کہا کہ ترمیم شدہ ٹریفک قوانین کے بعد صوبہ بھر میں یکساں قانون کا نفاذ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سخت کارروائیوں کا مقصد انسانی جانوں کا تحفظ اور ٹریفک کے منظم اور محفوظ نظام کو یقینی بنانا ہے۔ اس حوالے سے سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے کہاکہ موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کے بعد اب بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی جائیں گی،ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر عام یا خاص کسی کو بھی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ گزشتہ72 گھنٹوں کے دوران 55 سے زائد سرکاری محکموں کی تقریباً 600 گاڑیوں کو ای چالان نادہندہ ہونے پر روکا اور چالان جمع کروا کر بھیجا گیا۔ تین روز میں ٹریفک کی مختلف خلاف ورزیوں پر تقریباً 1800 مقدمات کا اندراج اور گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔