گورنر کیلئے امیر حیدر ہوتی، آفتاب شیر پائو اور پرویز خٹک کے نام زیر غور ،تبدیلی بارے مجھے علم نہیں، فیصل کریم
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک )خیبرپختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے پر غور شروع کردیا گیا، گورنر راج کے لیے فیصل کریم کنڈی کو رکھنے یا ان کی جگہ نیا گورنر لانے کی تجویز زیر غور ہے، متوقع نئے گورنر کے لیے تین سابق فوجی افسروں اور تین سیاسی شخصیات کے نام سامنے آگئے۔سیاسی شخصیات میں امیر حیدر خان ہوتی، آفتاب شیر پائو اور پرویز خٹک کے نام زیر غور ہیں۔گورنر کے عہدے کیلئے سابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) غیور محمود اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے موجودہ گورنر فیصل کریم کنڈی بھی بدستور پہلی چوائس کے طور پر موجود ہیں۔ گورنر کی تبدیلی صوبے میں گورنر راج کے نفاذ یا صوبائی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی پالیسی کے تحت ہوسکتی ہے۔فیصل کریم کنڈی نے اپنی بطور گورنر خیبرپختون خوا تبدیلی کی خبروں کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔پشاور سے جاری بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں گورنر کی تبدیلی سے متعلق مجھے علم نہیں، پارٹی جو فیصلہ کرے گی قبول ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر میڈیا ہی گورنر خیبر پختونخوا لگائے گا تو پھر اللہ ہی حافظ ہے۔