ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کرنے دیا جائے گا اور نہ اسلام آباد پر دھاوا بولنے دیا جائے گا،بیرسٹرعقیل
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ ) پاکستان مسلم لیگ( ن) کے مرکزی رہنما بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں گورنر راج لگانا مشکل اقدام ہے، فی الحال کہیں ایسی کوئی بات نہیں ہورہی ، گنڈاپورنے کہا ہم کفن باندھ کر آئیں گے ، اگر ایساہے توپھر گورنر راج سمیت سارے آپشنز استعمال کیے جاسکتے ہیں، گرفتاریاں ان کی ہوں گی جو انتشار اور پلاننگ میں ملوث ہوں گے۔ حکیم رانا ثناء اللہ نے نسخہ بتا دیا ہے، بالکل اس کے مطابق ہی تمام چیزیں ہوں گی۔بیرسٹرعقیل نے مزید کہاکہ احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا آئینی حق ہے اس سے کوئی نہیں منع کرے گا، اگر پی ٹی آئی پرامن احتجاج کرے گی تو میں خود ان کی وکالت کروں گا،پی ٹی آئی نے جو جلسے کیے، احتجاج کیا وہ طوفان بدتمیزی تھا، مریم نواز نے اپنے کسی جلسے میں لاٹھی چارج نہیں کیا، گالی گلوچ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ابھی تک 24 نومبر کے احتجاج کی کوئی اجازت نہیں مانگی ، نہ ہی کہا کہ ہم دھرنا نہیں دیں گے ڈی چوک آئیں گے چلے جائیں گے۔ حکومت خبردار کررہی ہے کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کرنے دیا جائے گا اور نہ اسلام آباد پر دھاوا بولنے دیا جائے گا۔