بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے میں 135 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی خبروں کو واضح طور پر رد کر دیا ہے۔
حالیہ دنوں میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ بی سی سی آئی ممکنہ طور پر سینئر کھلاڑیوں کوہلی اور روہت شرما کو ٹیسٹ ریٹائرمنٹ واپس لینے کے لیے قائل کرے گی، لیکن کوہلی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ وہ اب صرف ون ڈے فارمیٹ پر توجہ مرکوز رکھیں گے اور ٹیسٹ کھیلنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ وہ اب صرف ون ڈے کھیل رہے ہیں اور یہی ان کا مستقبل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے 123 ٹیسٹ اور 9230 رنز کے ساتھ اپنا شاندار ٹیسٹ کیریئر مکمل کیا ہے اور اب اپنی جسمانی اور ذہنی فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا کے دورے کے بعد انہوں نے کوئی میچ نہیں کھیلا تھا، اس لیے وہ رائے پور میں جلدی پہنچے تاکہ دن اور رات کے سیشنز میں پریکٹس کرکے خود کو میچ کے لیے تیار کر سکیں۔ کوہلی کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایک ذہنی کھیل ہے، اور جب ذہنی طور پر تیار ہوں تو کارکردگی خود بخود بہتر ہوتی ہے۔
دوسری جانب بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سائقیا نے ان رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیا ہے، جن میں کہا گیا تھا کہ بورڈ نے کوہلی یا دیگر سینئر کھلاڑیوں سے ٹیسٹ کرکٹ واپس لینے کے بارے میں بات کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس قسم کی کوئی گفتگو یا رابطہ نہیں ہوا ہے۔ادھر، کوہلی کی جنوبی افریقا کے خلاف 52 ویں سنچری نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ون ڈے کرکٹ میں مکمل توانائی کے ساتھ موجود ہیں اور اسی فارمیٹ کو اپنا مستقبل سمجھتے ہیں۔ کوہلی نے اس میچ میں اپنی شاندار بلے بازی سے ثابت کیا کہ وہ اب بھی ایک اہم اور متحرک بیٹسمین ہیں۔