راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان کی پہلی اننگز میں 221 رنز، سری لنکا کے خلاف 123 رنز کی برتری حاصل

راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان کی پہلی اننگز میں 221 رنز، سری لنکا کے خلاف 123 رنز کی برتری حاصل

راولپنڈی: سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھانے کے وقفے تک پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنا لیے اور مہمان ٹیم کے خلاف 123 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان نے دوسرے روز کھیل کا آغاز 121 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو گزشتہ روز کے ناٹ آؤٹ بیٹر اذان اویس اپنے اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔اس کے بعد سعود شکیل نے نائٹ واچ مین ثاقب خان کے ساتھ مل کر 57 رنز کی اہم شراکت قائم کی، تاہم سعود شکیل 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ثاقب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 رنز اسکور کیے، جبکہ سلمان علی آغا 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔کھانے کے وقفے تک غازی غوری 8 اور عامر جمال ایک رن کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، اسیتھا فرنینڈو نے 2 جبکہ پرباتھ جے سوریا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جسے پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی سے درست ثابت کیا۔ قومی بولرز کی نپی تلی اور تباہ کن گیند بازی کے سامنے سری لنکن بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم صرف 98 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان کوشال مینڈس 32 اور سونل دینوشا 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ لاہیرو یوڈارا 4، پاسندو سوریابندارا 2، دنیش چندیمل 7، کامندو مینڈس 8 اور دھننجیا ڈی سلوا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ملن رتھنائیکے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، جبکہ پرباتھ جے سوریا نے 3 اور لاہیرو کمارا نے کوئی رن نہیں بنایا۔پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔سری لنکا کا 98 رنز پر آؤٹ ہونا راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں کسی بھی ٹیم کا کم ترین اسکور ہے، جبکہ یہ پاکستان کے خلاف سری لنکا کا چوتھا کم ترین ٹیسٹ اسکور بھی ہے۔

واضح رہے کہ اسموگ کے باعث لاہور سے راولپنڈی منتقل کیے گئے اس ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی۔ اسپن آل راؤنڈر عرفات منہاس کی جگہ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا گیا، جبکہ سری لنکن ٹیم نے دلشان مدھوشنکا کی جگہ پرباتھ جے سوریا کو موقع دیا۔