اسلام آباد(آن لائن) پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا کی خراب صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں پر مبنی ایک خط ارسال کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خط میں خالدہ ضیا کی شدید علالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور پاکستان کی حکومت و عوام کی جانب سے ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور دعائیں بھیجیں۔انہوں نے خالدہ ضیا کی بنگلہ دیش کی ترقی میں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کی بھی تعریف کی، وزیراعظم نے ان کی قوت و ہمت کے لیے دعا کی تاکہ وہ اپنی جماعت اور قوم کی رہنمائی کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف خالدہ ضیا کو گلدستہ بھی بھیج چکے ہیں تاکہ ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا سکے۔