والد کی خراب ہوتی صحت پر گہری تشویش :قاسم ،سلیمان

ہمیں طبی رپورٹ پر یقین نہیں ، والد کو مناسب ہسپتال منتقل کیا جائے
 والد کی آزادی، انسانی حقوق اور منصفانہ عدالتی عمل کیلئے بھی لڑنا ہے
 ویزا درخواستوں کا جواب نہیں ملا ،عمران کے بیٹوں کی میڈیا سے گفتگو
لندن(خصوصی رپورٹ)سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان نے کہا ہے کہ انہیں اپنے والد کی پاکستان کی جیل میں خراب ہوتی صحت پر گہری تشویش ہے ، ان کی صحت کے بارے میں خدشات بڑھ گئے ہیں، والد سے ملنے کیلئے ویزوں کی اجازت چاہتے ہیں۔ انہوں نے لندن میں میڈیا کو بتایا کہ والد سے ملاقات ہوئے دو سال سے زیادہ عرصہ ہو گیا ہے ۔ قاسم اور سلیمان نے کہا کہ وہ طبی رپورٹ پر یقین نہیں کرتے ،چاہتے ہیں کہ والد کو مناسب ہسپتال منتقل کیا جائے تاکہ وہ اپنے پرائیویٹ ڈاکٹروں تک رسائی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ویزوں کے لیے درخواست دی تھی لیکن ابھی تک جواب نہیں ملا۔ عمران خان کے بیٹوں کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے والد کی آزادی، انسانی حقوق اور منصفانہ عدالتی عمل کے لیے بھی لڑنا ہے۔